16 اگست ، 2014
اسلام آباد.......پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام آباد میں انقلاب مارچ سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ قوم کے سامنے آج شام 4 بجے اپنے مطالبات پیش کروں گا،ان کا کہنا ہے کہ یہ دھرنا نہیں انقلاب مارچ ہے ،اپنے خطاب میں چارٹر آف ڈیمانڈ اور چارٹر آف ریفارمز پیش کرونگا ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے جذباتی انداز میں کہا کہ عوام کا 2 کلومیٹر تک ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہے ،ملین انقلاب مارچ کے شرکا کو مبارکباد دینے آیا ہوں ،لوگوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔38 گھنٹے انقلاب مارچ کا سفر جاری رہااورمیں 38 گھنٹے تک مسلسل جاگتا رہا ہوں ،چودھری برادران نے اپنی رہائش گاہ جانے اور آرام کا مشورہ دیا لیکن جہاں میرے کارکن سوئیں گے میں وہیں سوؤں گا ۔طاہر القادری نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ مسلسل 3دن اسلام آباد انتظامیہ سے مذاکرات میں لگے،3 دن کے مذاکرات اور محنت کے بعد گزشتہ رات11 بجے اجازت ملی ۔