16 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ہفتے وار کاروبار کے پہلے روز سرگرمیاں دباوٴ کا شکار رہیں تاہم آخری لمحات میں بازار میں ریکوری دیکھی گئی۔ پیر کو کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور سرمایہ کاروں نے شیئرز کی فروخت کو ترجیح دی۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 13 ہزار570 پوائنٹس کی سطح پر بھی جاتے ہوئے دیکھا گیا مگر دوران کاروبار صدارتی آرڈیننس جلد جاری ہونے کی خبروں پر بازار میں سیمنٹ اسٹاکس میں خریداری نظر آئی جس نے مارکیٹ کے مندی کے رحجان کو محدود کردیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 29 پوائنٹس کمی کے بعد 13 ہزار770 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 26 کروڑ شیئرز رہا، سب سے زیادہ کام جہانگیر صدیقی کمپنی کے شیئرز میں ہواجس کی قیمت ایک روپے کمی کے بعد 17 روپے 77 پیسے ہوگئی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 20 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 12 ہزار 85 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مندی کا یہ رحجان مزید ایک دو دن جاری رہ سکتا ہے۔