17 اگست ، 2014
لاہور......وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے اہم اجلاس میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف سے مذاکرات کا فیصلہ کر لیا گیا،مذاکراتی ٹیم میں امیر جماعت اسلامی، گورنر پنجاب اور گورنر سندھ کو شامل کرنے پر غور کیا گیا،نوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کی تمام جمہوریت پسند قوتیں ایک پلیٹ فارم پر کھڑی ہیں ۔وزیر اعظم نواز شریف کے زیرصدارت رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیرخزانہ اسحاق ڈار،خواجہ سعد رفیق سمیت وفاقی ،صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں دھرنوں سے اسلام آباد اور پنجاب میں پیدا شدہ صورت حال پر غور کیا گیا ، مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف سے مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا ،مذاکراتی ٹیم میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور گورنر سندھ عشرت العباد کو شامل کرنے پر غور کیا گیا،اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کیساتھ رابطے تیز کرنے کیساتھ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر سپریم کورٹ کے ججوں پرمشتمل کمیشن کے قیام کا اعادہ کیا گیا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امیر جماعت اسلامی اور دیگر پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام جمہوریت پسند قوتیں اس وقت ایک پلیٹ فارم پر کھڑی ہیں ،مسلم لیگ(ن)آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ،جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام سے ترقی کی منازل طے کی جاتی ہیں ۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حکومت انتخابی دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کے وعدے پر قائم ہے،اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف اہم شخصیات سے ملاقات کیلئے اسلام آباد چلے گئے ۔