19 اگست ، 2014
کراچی .........کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والےدیگر اداروں کے اہل کاروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے میں چار جبکہ اس سال اب تک ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 110افسران اوراہل کار بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوچکے ہیں۔اتحاد ٹاون میں ملزمان نے ٹارگٹ کر کے موٹر سائیکل پر فائرنگ کر دی جس سے سادہ لباس ہیڈ کانسٹیبل طاہر محمود موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، مقتول اتحاد ٹاون کی پولیس چوکی محمد خان پر تعینات تھے، گزشتہ روز اس علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے دو ملزمان مارے گئے تھے۔ قائد آباد میں بھی اسی طرح کی واردات میں دو پولیس اہلکاروں کو گھات لگا کر قتل کیا گیا، جاں بحق اہل کاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل اظہر عباس اور کانسٹیبل اعظم کے نام سے ہوئی ہے جو قائد آباد تھانے میں تعینات تھے۔ پیر کی شب گلشن اقبال موتی محل کے قریب اے ایس آئی علی نواز کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، مقتول موٹرسائیکل پر تھے اورانھیں تعاقب کے بعد قتل کیا گیا ۔ اس سال شہید کیے جانے والے پولیس کے نامور افسران میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم، شفیق تنولی ، بہاءُالدین بابر اور غضنفر کاظمی سمیت دیگر شامل ہیں۔