20 اگست ، 2014
اسلام آباد.....پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہبازشریف کی حکومتیں مستعفی ہوجائیں،مستعفی نہ ہونے کی صورت میں ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انقلاب کے شرکا کو زیادہ دیر کنٹرول نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کی تحریک گزشتہ سال 11 مئی سے شروع ہوئی تھی ، آئین کے آرٹیکل 62اور63 کی دھجیاں اڑادی گئیں ،ہماری جنگ پارلیمنٹ کے ناجائز قابضین سے ہے،پاکستان کی پارلیمنٹ اور حکومت جعلی اورغیر آئینی ہے۔سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ انقلاب مارچ کے شرکا پارلیمنٹ اورسینیٹ کا تقدس پامال نہیں کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وزیر اعظم نواز شریف سمیت ارکان پارلیمنٹ اندرجانے دیا تاکہ سارےشکار ایک جگہ اکٹھےہوجائیں، پھرجوپارلیمنٹ سےباہر نکلےآپکی لاشوں پر سےگزرے۔ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ہمارا ریاستی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں،ہماری جنگ ریاستی اداروں کے ناجائز قابضین سے ہے۔