24 اگست ، 2014
پشاور........پیسکو کی جانب سے اوور بلنگ کے خلاف پشاور کے مقامی شہریوں نے احتجاجی اجلاس طلب کر لیا۔نئے میٹروں کی تنصیب سے لیکر تحریک انصاف کے لانگ مارچ تک،ایک ایک کر کے تمام موضوع زیر بحث آئے اور سب نے دل کھول کر صوبائی حکومت پر تنقید کی۔پشاور کے علاقے نوتھیہ کے رہائشیوں کا بجلی کی اوور بلنگ کے خلاف مقامی مسجد میں اجلاس ہوا، بلوں پر اہل علاقہ نے شدید غصے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے میٹروں کی تنصیب کے بعد یہ پہلا بل ہے اور اس میں کئی غلطیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر انکے بلوں کیتصیحنہ کی گئی تو وہ گھروں سے میٹر ہٹا دینگے۔صارفین کا کہنا تھا کہ ایک جانب بجلی کے یونٹس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو دوسری جانب خراب میٹر نصب کردیئے گئے ہیں جس کے باعث انکے بلوں میں اتنا اضافہ ہو گیا ہے جو انکی استطاعت سے باہر ہے۔اہل علاقہ نے صوبائی حکو مت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔