25 اگست ، 2014
اسلام آباد......قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی ف نے اتفاق کیا ہے کہ کوئی مائی کا لعل جمہوریت کوبری نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا ،آئین اور پارلے منٹ کا تحفظ ہر صورت کیاجائےگا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت ہوا جس میں معمول کا ایجنڈا معطل کرکے ملک کی سیاسی صورت حال پر بحث کی گئی۔مسلم لیگ ن کے محمود بشیر ورک نے کہا کہ تحریک انصاف استعفے واپس لے ، ورنہ لوگ ان سے ایسا بدلہ لیں گے کہ یہ واپس نہیں آ سکیں گے۔پیپلزپارٹی کے ایاز سومرو نے کہاکہ ان کی جماعت جمہوریت ڈی ریل کرنے کی لعنت کا طوق اپنے گلے میں نہیں ڈالے گی، دھرنے والے غریبوں کو سبز باغ نہ دکھائیں ،دھوپ اور بارش میں مصیبتیں جھیلنے والے معصوم شہریوں کو گھر جانے دیں ۔جے یو آئی ف کی نعیمہ کشور نے کہاکہ ان کی جماعت اور مسلم لیگ ن کے کارکن یہاں آ گئے تو دھرنے والے ایک گھنٹہ بھی نہیں رکیں گے، وزیراعظم سے کوئی استعفانہیں لے سکتا، وہ متفقہ وزیراعظم ہیں،عمران خان نے شیروانی سلوا لی ہے تو ہمارا کیا قصور، آئندہ انتخابات کا انتظار کریں۔قومی اسمبلی کا اجلاس اب منگل کی صبح 11بجے ہو گا۔