17 اپریل ، 2012
لاہور… لاہورمیں پنجاب یونیورسٹی بی اے کی دوطالبات امتحانی سنٹر کی بجائے اپنے گھر میں بی اے انگلش کا پیپردیتے ہوئے پکڑی گئیں۔ اضافی حاضری کی چیکنگ ہوئی تو پکڑی گئیں، واقع پرامتحانی مرکز کا پورا عملہ معطل کردیا گیا۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق گورنمنٹ کالج فار وویمن بند روڈ کی سپر نٹنڈنٹ روحی اور ایڈیشنل سپر نٹنڈنٹ حمیرا کی مدد سے دونوں طالبات مہک اور ثناء پیپر اورامتحانی شیٹس گھر لے گئیں اورتسلی سے پیپر حل کرکے امتحانی مرکز پر لے آئیں اور جمع کرادیئے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق امتحانی سینٹر پر دو طالبات کی حاضری اضافی تھی، پیپر ختم ہونے پردوبارہ چیکنگ کی گئی تو اضافی حاضری والی طالبات کے پیپر بھی موجود تھے۔دونوں طالبات اورامتحانی عملے کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی گئی ، یونیورسٹی انتظامیہ نے امتحانی مرکز کا تمام عملہ معطل کردیا ہے ۔