31 اگست ، 2014
اسلام آباد.....پاکستان تحریک انصاف کے صدرجاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پارٹی نے شاہراہ دستور سے آگے نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا اورعمران خان نے آگے نہ جانے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اچانک سیف اللہ اور شیخ رشید کچھ پیغامات لیکر آئے اورعمران خان کے کان میں بتائے، عمران خان نے کہا کہ مجبوری ہے ہمیں آگے جانا پڑے گا،عمران خان نےپوچھنے کے باوجود وجہ نہیں بتائی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران نے مجھ سے کہا اگر آپ کو اختلاف ہے تو آپ چلے جائیں، میں نے کہا کہ مذاکرات تو ہونے دیں، عمران خان نے کہا کہ میں ادھر ہوں میرا فیصلہ ماننا پڑے گا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ خان صاحب نے پارٹی فیصلے کے خلاف قدم اٹھایا، کپتان صاحب واپس آجائیں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اسلام آباد میں کوئی بڑا واقعہ ہوگیاتو ہم جمہوریت کو نہیں بچا پائیں گے، جمہوریت ختم ہوئی تو ذمہ داری عمران خان پرعائد ہوگی۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری صاحب نےمشروط کیا تھا کہ جب تک عمران آگےنہیں جائیں گے، ہم بھی نہیں جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا صدر ہوں میں نے تو بغاوت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ ڈنڈے ،غلیلیں چلاکر وزیراعظم ہاؤس پر احتجاج کریں،لیڈرشپ سے کہتا ہوں کارکنوں کو مشکلات میں نہ ڈالیں، عمران خان آپ کو آپ کے وعدے یاد دلاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے کہتا ہوں بربریت بند کریں۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان طاہرالقادری کے پیروکار بن گئے ہیں۔