پاکستان
01 ستمبر ، 2014

عمران خان نے کہا ہم فوج کے بغیر نہیں چل سکتے ہیں؛جاوید ہاشمی

عمران خان نے کہا ہم فوج کے بغیر نہیں چل سکتے ہیں؛جاوید ہاشمی

اسلام آباد....... جاوید ہاشمی نے عمران خان کو بولڈ کردیا، انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہم فوج کے بغیر نہیں چل سکتے ہیں، معاملات طے ہیں، ستمبر میں الیکشن ہو گا، پلان کس کا ہے یہ علم نہیں۔ باغی نے آج بھی اپنے حصے کا سچ بول دیا۔ تحریک انصاف کے منتخب صدر جاوید ہاشمی نےپارلیمنٹ ہائوس میں تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے نیا پنڈورا بکس کھول دیا،جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم فوج کے بغیر نہیں چل سکتے،بیج والے کہتے ہیں طاہر القادری کے ساتھ چلیں۔ باغی نے ایک کے بعد دوسرا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ معاملات طے کرلیے گئے ہیں اور ستمبر میں الیکشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پلان کس کا ہے یہ نہیں پتا لیکن کور کمیٹی کے اجلاس میں فوج کا نام لیا جارہا ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کو ملکی آئین کی پروا نہیں، ان کی مرضی ہوتی ہے تو وہ آئین کو مانتے ہیں ورنہ نہیں مانتے، جو ملکی آئین کو نہیں مانتا وہ پارٹی آئین کی کیا پروا کرے گا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہو ا تھا وزیر اعظم ہائوس کی جانب نہیں جائیں گے، لیکن عمران نے صرف میرا نام لیا، چار لوگ اور بھی اس فیصلے کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اغوا ہوچکی اور یرغمال بن چکی ہے، اغوا شدہ پارٹی اسلام آباد لائی گئی ہے، عمران خان وعدے کرتے گئے اور توڑتے گئے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کی بات میں وزن ہے، اس کی تحقیقات میں کیا حرج ہے، نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ غیر آئینی نہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کے پاس تیسرے درجے کی ٹیم ہے، جو ملکی معاملات کو سلجھانے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ انکشافات سے بھرپور جاوید ہاشمی کی گفتگو جس میں انہوں نے کہا وہ پارلیمنٹ کے تقدس کے لیے اپنی جان دے دیں گے، کیا موجودہ سیاسی بحران میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔

مزید خبریں :