02 ستمبر ، 2014
اسلام آباد......وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہاہے کہ طاہرالقادری اور عمران خان نے ملک کے خلاف بغاوت کی ہے ، ان کے خلاف مزید صبر بڑا جرم ہوگا۔ فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس کو بریفنگ میں چودھری نثار نے بتایا کہ جو کچھ جاوید ہاشمی نے جمہوریت کے خلا ف سازشوں کے حوالے سے بتایا، ان کے پاس بھی اس کے شواہد موجود ہیں۔ مذموم ایجنڈے کےلیے فوج اور عدلیہ کا نام استعمال کرنا آئینی جرم ہے ، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کو جواب طلبی کرنی چاہیے۔اسلام آباد میں جاری مظاہرین کی لشکر کشی کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیرداخلہ چودھری نثار نے پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ قوم پر واضح کرے کہ عمران خان اور طاہرالقادری کا عمل احتجاج نہیں ، ملک کے خلاف بغاوت ہے ۔ چودھری نثار نےبتایا کہ پولیس سے بندوقیں واپس لے لی گئی ہیں جبکہ مظاہرین میں ہتھیاروں سے لیس تربیت یافتہ دہشت گرد شامل ہیں ، ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی نادرا کے ڈیٹا سے نشاندہی کریں گے ۔موجودہ صورتحال سے نمٹنے کےلیے ایوان سے رائے مانگتے ہوئے چودھری نثار نے کہاکہ اب انہیں کنٹرول نہ کرنا بڑا جرم ہوگا۔