03 ستمبر ، 2014
پشاور.....ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے 96 لاپتہ افراد کی فہرست پشاور ہائی کورٹ میں پیش کردی۔ چیف جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ اوور سائٹ بورڈ کی رپورٹ کیوں پیش نہیں کی گئی۔ پشاور ہائی کورٹ میں 30 لاپتہ افراد کیس کی سماعت چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ملک منظور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل وقار احمد نے 96 لاپتہ افراد کی فہرست عدالت میں پیش کردی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان لاپتہ افراد کو جون سے اب تک حراستی مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اس موقع پر استفسار کیا کہ اوور سائٹ بورڈ کی رپورٹ کیوں پیش نہیں کی گئی ۔ اوور سائٹ بورڈ متعلقہ کمشنرز، پولیس اور حراستی مراکز کے حکام پر مشتمل ہے،جن کا کام حراستی مراکز میں قیدیوں کی صحت اور دیگر معلومات پر مشتمل رپورٹ پیش کرنا ہے۔