03 ستمبر ، 2014
کراچی ........تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وقتاً فوقتاً جنگ گروپ اور جیو کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں اور اس تنقید میں اخلاقیات کی حدود بھی پھلانگ جاتے ہیں۔ آخر عمران خان اتنے ناراض کیوں ہیں؟ لگتا ہے انھیں فرشتوں نے ایک منظم سازش کے تحت ٹارگٹ دیا ہے کہ جنگ گروپ کو متنازعہ اور بدنام کیا جائے۔ عمران خان جنگ گروپ اور جیو سے کیوں ناراض ہیں؟کیا اس لیے کہ سیتا وائٹ سے ان کی ناجائز بیٹی ٹیریان کے بارے میں کچھ چیزیں شائع ہو گئیں؟کیا یہ سوال اٹھانے پر کہ وہ ٹیریان کو اپنی بیٹی تسلیم کرنے سے کیوں انکار کرتے ہیں۔اگرچہ سیتا وائٹ امریکی عدالت میں گئیں اور اس عدالت نے فیصلہ دیا کہ عمران خان ہی ٹیریان کے والد ہیں۔یہ بات تو برطانوی اور امریکی میڈیا نے بھی اٹھائی تھی۔پھر عمران خان نے الیکشن لڑتے وقت جو کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان میں اپنی تیسری اولاد کا ذکر کیوں نہیں کیا۔انھوں نے ناجائز اولاد پیدا کی تو اس میں ان کی بیٹی ٹیریان کا کیا قصور تھا۔تحریک انصاف کے چئرمین اپنی بیٹی کو انصاف کیوں نہیں دیتے؟کیا عمران خان ہم سے اس لیے ناراض ہیں کہ ہمارے ایک رپورٹر نے یہ خبر فائل کرنا چاہی کہ عمران خان منشیات استعمال کرتے ہیں۔ عمران خان منشیات کے استعمال ہی کی وجہ سے کبھی کسی موڈ میں ہوتے ہیں کبھی کسی موڈ میں،اسی وجہ سے غصہ ان کے قابو سے باہر ہو جاتا ہے۔اس خبر پر عمران خان بہت ناراض ہوئے اور ہمارے سینئر ایڈیٹر سے شکایت کی۔ مگر یہ خبر تو چلائی ہی نہیں گئی تھی۔کیا عمران خان اس لیے ہم سے ناراض ہیں کہ سوشل میڈیا پر ایک اکیس سالہ لڑکی کے حاملہ ہو جانے کی بات چلی؟یہ خبر تو سوشل میڈیا میں آئی تھی لیکن عمران خان نے اس کا الزام بھی ہم پر لگا دیا۔ہم نے کہا بھی کہ اس حوالے سے انھیں اگر ایک رپورٹر سے شکایت ہے تو وہ اس رپورٹر کا ذاتی فعل ہے۔اکیس سالہ لڑکی والی بات تو دوسرے لوگوں نے بھی ٹویٹ کی۔ لیکن عمران خان نے نزلہ ہم ہی پر گرا دیا۔ہم نے عمران خان سے کہا بھی کہ اگر آپ سچے ہیں تو منشیات کی سٹوری فائل کرنے والے رپورٹر اور ٹویٹ کرنے والے رپورٹر کے خلاف کیس کر دیں۔ لیکن انھوں نے کیس نہیں کیا۔گروپ کے ترجمان کے مطابق عمران خان نے جنگ گروپ اور جیو پر جو الزامات لگائے یہ وہی الزامات ہیں جو ایک چینل فرشتوں کے کہنے پر لگا رہا ہے۔ہم نے یہ بھی کہا کہ عمران یہی الزامات لندن میں دہرا دیں کیونکہ وہاں عدالتیں جلدی فیصلہ کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ عمران خان نے فرشتوں کے نمایندوں کے کہنے پر یہ غلط الزام بھی لگایا کہ ہم فوج کے خلاف ہیں۔ جب کہ ہم ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ہم فوج سے محبت کرتے ہیں۔عمران خان نے ہم سے چار صحافیوں کو نکالنے کا بھی مطالبہ کیا۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اپریل سے جنگ اور جیو کے اشتہار بھی بند کر رکھے ہیں۔ان کی زبان کا یہ عالم ہے کہ وہ کہتے ہیں الٹا لٹکا دوں گا، آکر جنگ گروپ بند کر دوں گا، مکا ماروں گا، گریبان پکڑ لوں گا، فرعون وغیرہ۔ایک طرف وہ قرآن پاک کی بات کرتے ہیں اور اسی سانس میں گالیاں بھی دیتے ہیں۔کیا یہی ہے وہ نیا پاکستان جس کا انھوں نے وعدہ کیا ہے؟جنگ گرو پ اور جیو نے عمران خان کو پچاس کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا، عمران خان نے اب تک جواب نہیں دیا۔