05 ستمبر ، 2014
اسلام آباد.......اسلام آباد میں مسلسل بارش سے 3 منزلہ عمارت اور ایک گھر زمین بوس ہو گیا ۔کورنگ نالہ کے دونوں اطراف رہنے والوں کے گھروں میں پانی نے تباہی مچا دی ، پاک فوج کے جوانوں نے 50 افراد کی جانیں بچا لیں۔یہ کوئی سیلابی نالہ نہیں ، اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن کی ایک سڑک ہے ۔بارش بھی موسلادھار ہوئی اور پھر راول ڈیم کے اسپل ویز کھلے تو ہر طرف پانی ہی پانی تھا۔کورنگ نالہ بھی بپھرا اور ارد گرد کے گھروں میں پانی کے ریلے جا گھسے ، پانی اترا مگر تباہی کی داستانیں چھوڑ گیا ۔الیکٹرانکس کی قیمتی اشیاء بے کار ہو چکیں ، کچھ سامان پانی کے ساتھ ہی بہہ گیا، لوگ بے بسی کے عالم میں اپنے آشیانے اجڑتے دیکھتے ہی رہ گئے۔ اسلام آباد میں بارش سے کھنہ پل کے قریب تین منزلہ زیر تعمیر عمارت گر گئی اور ایک گھر بھی زمین بوس ہو گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوج نے اس علاقے میں ریسیکو آپریشن کر کے 50 افراد کی جانیں بچائیں ۔لوگ اب اپنے مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں ۔ہماری بھینسیں بھی بہہ گئی ہیں اور اب باقی جو بچ گئی ہیں ، ہم انہیں کہیں اور لے کر جارہے ہیں ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بارش کا یہ سلسلہ ہفتہ کی شب سے بتدریج ختم ہو جائے گا ۔بارش کے پانی نے گھروں میں داخل ہو کر لوگوں کے قیمتی املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کر رکھا ہے ۔شہری کہتے ہیں اتنا نقصان تو ہو گیا نہ جانے ضعلی انتظامیہ کب حرکت میں آئے گی۔