05 ستمبر ، 2014
اسلام آباد.......صحافیوں کی عالمی تنظیم آئی ایف جے نے اسلام آباد میں دھرنوں کے دوران جیو نیوز، پی ٹی وی کی عمارت اور صحافیوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور مخالف جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیا کی آزادی کا احترام یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نواز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کو لکھے گئے خط میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے جیونیوز اور دیگر میڈیا کارکنوں پر حملوں پر تنقید کرتے ہوئے ان سے معذرت کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایف جے نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور سیاسی رہنما دھرنوں کے دوران صحافیوں کے خلاف پرتشدد واقعات کی روک تھام یقینی بنائیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ آئی ایف جے کے صدر جم بومیلہا کا کہنا ہے کہ 30 اگست کو اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے چینل جیو نیوز کی عمارت پر حکومت مخالف مظاہرین کی جانب سے حملہ کیا گیا اور عملے کو ہراساں کیا گیا۔ اس سے پہلے دھرنوں کے دوران 15 اور 16 اگست کو جیو نیوز کے صحافیوں سے بدتمیزی کی گئی اور ڈی ایس این جی کو نقصان پہنچایا گیا۔ آئی ایف جے کے صدر نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان اور طاہرالقادری کو لکھا ہے کہ جمہوریت کی بالادستی کے خوہشمند ہونے کے ناتے ان کی جماعتوں کو انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کا احترام کرنا چاہیے۔ آئی ایف جے کے صدر نے پی ٹی وی کی عمارت پر حملے اور دیگر چینلوں کے کارکنوں پر پولیس تشدد کی بھی مذمت کی اور ایسے واقعات کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔