پاکستان
05 ستمبر ، 2014

صوبائی حکومت ،سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کرے، رابطہ کمیٹی

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سند ھ سے مطالبہ کیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے پیش نظرصوبہ سندھ میں رین ایمرجنسی نافذ کی جائے، ہنگامی بنیادوں پر برساتی نالوں کی صفائی کرائی جائے اور قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے تمام صوبے کے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبہ پنجاب ، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میںطوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث شدید جانی ومالی نقصان ہوا ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ کو ہنگامی بنیادوں پر قدرتی آفات سے نمٹنے اور صوبے کے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے بلاتاخیر عملی اقدامات بروئے کار لانے چاہئیںتاکہ قدرتی آفات کی تباہ کاریوں سے نمٹا جاسکے۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے بلدیاتی اداروں کوفنڈز کی عدم فراہمی کے باعث کراچی ، حیدرآباد ، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ ، سانگھڑاور ٹنڈوالہیار سمیت تمام شہروں ، قصبوں اوردیہاتوںمیں صحت وصفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیرجمع ہیں اورسڑکوں پر گندے پانی کے جوہڑ بن چکے ہیں ، اگر اس صورتحال میں سندھ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تو صوبے کے ہرشہر میں صحت وصفائی کی صورتحال مزید خراب ہونے خدشہ ہے لہٰذا حکومت سندھ ، بلاتاخیر صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے تمام شہریوں کے بلدیاتی اداروں کو فی الفور فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورشہریوں کی صحت اور زندگی کے تحفظ کیلئے صوبے بھر میں صحت وصفائی کے مؤثرانتظامات کیے جائیں ۔رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے تمام حق پرست ارکان اسمبلی اور علاقائی ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صحت وصفائی کے انتظامات کی بہتری ، کچرے کے ڈھیر ٹھکانے لگانے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ممکنہ طوفانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔دریں اثناملک میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی سر گرمیوں کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کر دیاگیا ہے اس سلسلے میں کے کے ایف کے تحت سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں اور زونز میں امدادی کیمپس قائم کئے جار ہے ہیں ۔ امدادی سرگرمیوں کے ابتدائی مرحلے میں سندھ میں کراچی اور پنجاب کے مختلف زونز میں کسی بھی ہنگامی صوتحال سے نمٹنے کیلئے کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں ۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اس سلسلے میں ملک بھر میں مقیم مخیر و صاحب استطاعت حضرات سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارشوں اور سیلاب کی پیشنگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں اور ہم وطنوں کی مدد کیلئے کے کے ایف کے امدادی کیمپس پر غذائی اجناس ، خشک دودھ ، پینے کا صاف پانی، بچوں کی ضروریات کی اشیاء ، ادویات، نقد امدادی رقوم اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء جمع کرائیں ۔

مزید خبریں :