پاکستان
08 ستمبر ، 2014

چناب میں خوف ناک سیلابی ریلے نے چنیوٹ میں تباہی

چناب میں خوف ناک سیلابی ریلے نے چنیوٹ میں تباہی

لاہور......چناب میں خوف ناک سیلابی ریلے نے چنیوٹ میں تباہی مچادی، جھنگ کے قریب پرانا حفاظتی بند ٹوٹ گیا کئی اضلاع میں سیکڑوں دیہات زیر آب بہت سے مکان گرگئے، مویشی ہلاک،ہزروں افراد محصور چھ افراد بہہ گئے،،متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جھنگ کے نواحی علاقے میں پرانا حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی دیہی آبادیوں میں داخل ہوگیا ۔250 سے زائد افراد سیلاب میں پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے پاک فوج کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر 8 لاکھ 42 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ تحصیل چنیوٹ،بھوانا اور لالیاں کے 100 سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ شہری علاقوں سے کٹ گیاہے۔ متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ جھنگ روڈ پر جامعہ آباد اور سرگودھا روڈ پر احمد نگر کے قریب سیلابی پانی سڑک کے اوپر سے گزر رہا ہے۔ پاک آرمی کے جوان پھنسے ہوئے افراد کو نکالنےکےلئے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چنیوٹ کی سپرا کالونی میں مویشیوں کو بچاتے ہوئے خاتون سمیت 3 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ چناب نگر اور برجیاں کے قریب سیلاب میں دو بچے اور ماں بیٹی سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں اور جلال پور بھٹیاں کے 80 سے زائد دیہات زیر آب ہیں جہاں پاک فوج کے جوان کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچارہے ہیں۔ چک چٹھا میں دو نہروں کے درمیان سڑک کو سیلابی ریلا اپنے ساتھ بہالے گیا۔ سرگودھا میں دریائے چناب اور دریائے جہلم نے تحصیل بھلوال،بھیرہ کوٹ مومن ،شاہ پور اور تحصیل ساہی وال میں 300 سے زائد دیہاتوں کو لپیٹ میں لے لیا،جہاں متعدد مکانات گرگئے اور زرعی اراضی پانی میں ڈوب گئی ہے۔ ہزاروں افراد محصور ہیں ۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے جوان پہنچ گئے ہیں جو پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کیلیے انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ لوگ ناگہانی آفت سے شدید پریشان ہیں۔ضلع جھنگ اور چنیوٹ کے سرحدی علاقے کھروڑا باقر کے قریب پرانا حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی دیہی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے۔۔ سیلاب میں 250 سے زائد افراد پھنس گئے جنہیں نکالنے کے لیے پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔۔تریموں ہیڈورکس پر اِس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے ،، پانی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ، رات گئے تریموں کے مقام سے بڑا سیلابی ریلا گزرے گا اور یہاں اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔

مزید خبریں :