08 ستمبر ، 2014
کراچی......پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 67 فیصد عوام نے جمہوری نظام کو پاکستان کے لیے بہترین قرار دیا ہے جب کہ 63 فیصد پاکستانیوں نے رائے دی ہے کہ 2013 کے عام انتخابات شفاف اور غیرجانبدار تھے ۔ پلڈاٹ کی وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی ایک سالہ کارکردگی پر سروے رپورٹ میں ملک بھر کے عوام کی رائے شامل ہے، یہ سروے گیلپ پاکستان کے زیر اہتمام 16 جولائی 2014 سے 6اگست 2014 کے درمیان کیا گیا۔ سروے میں پنجاب کے عوام نے موجودہ جمہوری نظام کے حق میں واضح اکثریتی رائے دی اور ان کی رائے موجودہ جمہوری نظام کے 11واضح پیمانوں میں سے 9 کے حق میں رہی ۔ رپورٹ میں صوبہ سندھ کی سیاسی صورتحال کو انتہائی منفی قرار دیا گیا ہے ۔ سروے رپورٹ کے مطابق 71 فیصد عوام نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کےحق میں رائے دی جب کہ صرف 27 فیصد لوگوں نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کو غیرضروری قرار دیا ہے ۔سروے کے مطابق وزیراعلی ٰپنجاب شہباز شریف کی کارکردگی چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ میں سب سے بہتر رہی،خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پنجاب حکومت کے برابر نہیں ہے ۔ سروے میں وزیراعلی ٰشہباز شریف کی کارکردگی کے حق میں 33 فیصد افراد نے رائے دی جب کہ وزیراعظم نوازشریف کے لیے 46 فیصد عوام نے مثبت رائے دی۔ سروے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی پچھلے برس کی کارکردگی کو 52 فیصد عوام نے اچھا قرار نہیں دیا ۔ پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا کو ملک کا قابل اعتبار اداراہ قرار دیا گیا ہے ،سروے میں الیکٹرانک میڈیا کی کارکردگی کے حق میں 32 فیصد افراد نے رائے دی۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ 21 فیصد،پرنٹ میڈیا18 فیصداور الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو 9 فیصدافراد نے بہتر قرار دیا۔