دنیا
18 اپریل ، 2012

ایران میں مقامی ساختہ ایئر ڈیفنس میزائل نظام کی تیاری

تہران … ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ ایران مقامی ساختہ ایئر ڈیفنس میزائل نظام بنا رہا ہے جو روسی نظام ایس 300 کا متبادل ہوگا۔ ایرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تہران میں ایران کی فوج کے قومی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس متبادل میزائل ڈیفنس نظام پر کام قابل اطمینان انداز میں جاری ہے اور ہم اس کے اب تک کے نتائج سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے بارے میں رواں سال کے دوران باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا اوراس کی تفصیلات منظرعام پر لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس 300 میزائل نظام ایران کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے کافی نہیں ہے کیونکہ اب خطرات کی نوعیت تبدیل ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2007ء میں ایران نے روس سے 5 ایس 300 میزائل دفاعی نظام حاصل کرنے کیلئے ایک سمجھوتہ کیا تھا تاہم ابھی تک ایران کو یہ سسٹم فراہم نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں :