09 ستمبر ، 2014
اسلام آباد..........وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اپنے پسند کا چینل دیکھنا ناظرین کا حق ہے،نہ پیمرا نہ ہی کیبل آپریٹرز کو اختیار ہےکہ لوگوںکو ان کے بنیادی حق سے محروم کریں۔ پیمرا تمام ٹی وی چینلز کی اصل پوزیشن پر بلا تعطل نشریات کو یقینی بنائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیمرا حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، قائم مقام چیرمین پیمرا پرویز راٹھور، ڈی جی لائسنسنگ ،ہیڈ لیگل سمیت جی ایم آپریشنز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ لوگوں کو اپنی پسند کا چینل دیکھنے کا مکمل حق حاصل ہے ، ہر جمہوری معاشرے کی طرح حکومت آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے،حکومت میڈیا کی آزادی کو یقینی بنائے گی ۔قائم مقام چیرمین پیمرا پرویز راٹھور نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کو یقین دہانی کرائی کہ تمام ٹی وی چینلز کی نشریات کو ان کی اصل پوزیشن پربحالی کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔