09 ستمبر ، 2014
اسلام آباد.......پولیس نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں جاری دھرنوں کے خلاف آپریشن کی تیاری مکمل کر لی ہے ۔ ہتھکڑیوں اور لاٹھیوں سے مسلح پولیس کی 300 ٹیمیں آپریشن کے لیے حکومتی اشارے کی منتظر ہیں۔ آپریشن کے دوران اسلحہ کے بجائے ربڑ کی گولیاں استعمال کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اور طاہر القادری کی جانب سے پارلے منٹ ہاؤس کے باہر ڈی چوک میں دیے گئے دھرنوں کے خلاف آپریشن کے لئے پولیس کی 300 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔پولیس کی ہرٹیم تین ممبران پر مشتمل ہو گی۔ پولیس ٹیمیں ہتھکڑیوں اور لاٹھیوں سے مسلح ہوں گی جنہیں ایلیٹ فورس کی مدد بھی حاصل ہو گی ۔آپریشن کے دوران آنسو گیس کی شیلنگ کم سے کم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بھاگنے والے دھرنے کے شرکاء کو قابو کرنےکے لیے تین سائیڈز پر 2 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ پولیس ،عورتوں اور بچوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کرے گی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ طاہر القادری نے عورتوں اور بچوں انسانی ڈھال بنا رکھا ہے ۔ دھرنے والوں کے پاس غلیلیں، شیشے کی گولیاں اور پتھر موجود ہیں۔