پاکستان
18 ستمبر ، 2014

ڈاکٹر شکیل اوج کی کراچی یونیورسٹی کے قبرستان میں تدفین

ڈاکٹر شکیل اوج کی کراچی یونیورسٹی کے قبرستان میں تدفین

کراچی..... فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر شکیل اوج کی کراچی یونیورسٹی کے قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ ٹارگٹ کلنگ کی واردات کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک بار پھر لکیر پیٹتے رہ گئے، پولیس چیف نے گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شکیل اوج دیگر2 پروفیسرز کے ہمراہ خانہ فرہنگ ایران میں اپنے اعزاز میں دیئے گئےظہرانے میں شرکت کےلئےجارہے تھے۔ جیسے ہی ان کی گاڑی یونیورسٹی روڈ پربیت المکرم مسجد کے قریب پہنچی تو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کردی،جس سےڈاکٹر شکیل اوج شدید زخمی ہوگئے،ایس ایس پی ایسٹ پیرمحمد شاہ کے مطابق ان کےساتھ موجود پروفیسرطاہرمسعود انہیں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال لیکرگئے جہاں ڈاکٹرشکیل اوج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔پولیس کے مطابق پروفیسرطاہرمسعود کےبیان کی روشنی میں ابتدائی تحقیقات کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص نے ڈاکٹر شکیل اوج کی کنپٹی پر گولی ماری۔ فائرنگ کے واقعے میں گاڑی میں سوار ڈاکٹرآمنہ بھی معمولی زخمی ہوئیں۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ پروفیسرڈاکٹر شکیل اوج نے مبینہ ٹاؤن تھانے میں جھگڑے کا مقدمہ درج کرایا ہواتھا۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کے مطابق ڈاکٹر شکیل اوج کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دےدی گئی ہے ،ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو 20 لاکھ روپےانعام دیا جائے گا ۔ڈاکٹرشکیل اوج کے قتل کے خلاف جامعہ کراچی سمیت سندھ بھرکی جامعات میں فوراً تدریس معطل کردی گئی جبکہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ کےمطابق سوگ میں یونیورسٹی تین دن بند رہے گی اور اس دوران تمام پرچےملتوی کردیے گئےہیں۔

مزید خبریں :