18 ستمبر ، 2014
لاہور...... جماعتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے متفقہ قرار داد میں کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی عالمی سازشوں کےتناظر میں آئین کے خلاف کسی بھی غیر آئینی مہم جوئی کےامکانات کو نظر انداز نہیں کرسکتی،تاہم آئین کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ منصورہ میں امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوا۔ متفقہ قراردادمیں کہا گیا کہ ملک بدترین سیاسی بحران سے گزر رہا ہے، ایک بار پھر بے یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں،ماضی میں غیر آئینی شبِ خون اور 33سالوں پر مشتمل فوجی حکومتوں کے اقدامات سے بڑے قومی سانحات وقوع پذیر ہوئے، سیاسی معاملات کو سیاسی دائرہ میں رہ کر ہی نتیجہ خیز حل تک پہنچایا جائے، قرار داد میں میڈیا ہاؤسز اور کارکنوں کے خلاف متشددانہ کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی اورکہا گیاکہ پی ٹی وی پر حملہ، جیو کے دفاتر پر پتھراؤ، ٹی وی چینلز کی گاڑیوں اور کیمرہ مینوں پر حملے ملک میں عدم برداشت کے رویوں کے عکاس ہیں۔