پاکستان
19 ستمبر ، 2014

نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،الطاف حسین

نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ،مظلوم عوام کے آئینی ، قانونی اور جمہوری حقوق کی جدوجہد میں کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کرے گی اور جب تک میرے جسم میںسانس باقی ہے میں اردواسپیکنگ عوام کے ساتھ ساتھ ملک بھرکے مظلوموںکے حقوق کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔ یہ بات انہوںنے کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلباء ، اساتذہ اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفد میں شامل بزرگوں، خواتین ، نوجوانوں اورطلباوطالبات نے الطاف حسین کو تحریک انصاف کے رہنماؤںکی جانب سے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت اورصوبہ سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت پر سندھ کے شہری عوام میں پائے جانے والے غم وغصہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنماؤںکے اشتعال انگیزبیانات سے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کےجذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور وہ ان اشتعال انگیز بیانات پر شدید احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔الطاف حسین نے کہاکہ میں نے ہمیشہ قومی یکجہتی ،تمام قومیتوں کے درمیان اتحاد ومحبت، بھائی چارے ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا درس دیا ہے اورمیری دلی خواہش ہے کہ پاکستان سے دوفیصدمراعات یافتہ طبقہ کی حکمرانی کاخاتمہ ہو اور ملک بھرمیں 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی قائم ہو، پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،جوعناصر ملک کے دیگرحصوںمیں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کررہے ہیں لیکن سندھ میں کسی بھی قسم کی تقسیم یا نتظامی بنیادوں پر یونٹس بنانے کی مخالفت کررہے ہیں وہ یقینا نفرت انگیز اوردوعملی ہے، اگر باقی ماندہ پاکستان میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے تو یہ عمل سندھ میں کیوںنہیں کیاجاسکتا۔ ہم اس آزادوطن میں نہ تو کسی کے آقابننا چاہتے ہیں اورنہ ہی ہمیں جاگیرداروں اوروڈیروںکاغلام بنناقبول ہے ۔ ہم نے تہیہ کررکھا ہے کہ ہم عزت کی زندگی کیلئے اپنی جانیں توقربان کرسکتے ہیں لیکن غلامی کی ذلت آمیز زندگی کسی بھی طورقبول نہیں کریں گے۔ الطاف حسین نے کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیموں اورنام نہاد جمہوریت پسند جماعتوںکو سندھ کے شہری علاقوں کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے حقوق غصب کرنے کا عمل دکھائی نہیں دیتا۔ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں نے اپنی ذاتی جیلیں اور عقوبت خانے بنارکھے ہیں جن کی خبریں آئے دن میڈیا پر نشر اور شائع ہوتی ہیں لیکن کسی بھی جانب سے ان سفاک جاگیرداروں اوروڈیروںکی مذمت نہیں کی جاتی،ماضی میں ریاستی طاقت کاناجائز استعمال کرکے ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی گئی اور مہاجرقوم کے خلاف ریاستی آپریشن کیاگیا،اور کہا گیا کہ الطاف حسین کا چیپٹر کلوز ہوگیا لیکن دنیانے دیکھا کہ میرے بجائے ان ہی کاچیپٹرکلوز ہوگیا ۔الطاف حسین نے شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام پر زور دیا کہ وہ ماضی کی طرح متحد ومنظم رہیں، انشاء اللہ فتح حق پرستوں کا مقدر ثابت ہوگی ۔

مزید خبریں :