19 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... پارلیمنٹ نے جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرار داد میں ریڈ زون میں دھرنوں اور ریاستی اداروں پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دھرنوں سے آپریشن ضرب عضب پر سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی قرارداد وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے پرعزم ہیں۔ جمہوری نظام کے تسلسل، اداروں کے تقدس اور پارلیمنٹ کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ قرارداد میں دھرنوں اور ریاستی اداروں پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دھرنوں سے آپریشن ضرب عضب سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ دھرنوں کے باعث ہی چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوا۔