19 ستمبر ، 2014
کراچی.......مہاجر رابطہ کونسل کے سینئر نائب صدر تصدق حسین اور جوائنٹ سیکریٹر ی راؤ ذہین عالم نے تحریک انصا ف، سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کی جانب سے سند ھ میں علیحدہ صوبے کے قیام کے مطالبے کو غداری قراردینے اور آئینی مطالبے کے جواب میں اشتعال انگیز بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک مشترکہ مذمتی بیان میںرہنمائوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے دیگر صوبو ں میں بسنے والے عوام کا اپنے وسائل پر حق ہے اسی طرح سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والے مہاجر وں کا بھی اپنے علاقے کے وسائل پر مکمل حق ہے اگر مہاجر اپنا حق مانگ رہے ہیں تو اسے غداری سے تشبیہ دینا سندھ کی سر زمین کو نقصان پہنچانے کے متراد ف ہے ،نام نہاد سندھ دوست اس وقت کہا ں تھے جب صوبے کے شہری و دیہی عوام کے درمیان کوٹہ سسٹم کی واضح خلیج ڈال کر سندھ کو تقسیم کر دیا گیا تھا؟ جب مختلف ادوار میں فوجی آمروں اور سیاسی حکومتوں نے مہاجروں کا قتل عام کروایا او ر انکے جان و املاک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا تھا، آج تک نا ہی کوٹہ سسٹم کی اس تقسیم پر دیانتداری سے عمل کرتے ہوئے مہاجروں کو سندھ کے وسائل میں سے انکا جائز حق دیا گیا اور نا بیگناہ مہاجروں کے قتل عام پر انہیں انصاف فراہم کیا گیا۔ آ ج جب سندھ کے شہری علاقوں میں بسنے والی مہاجر اکثریت اپنے حق کیلئے علیحدہ انتظامی یونٹ کیلئے آواز بلند کر رہی ہے تو ان کے خلاف طرح طرح کے غیر مہذب اور اشتعال انگیز بیانا ت داغے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف سند ھ کے صدر نادر اکمل لغاری سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجر دشمنی کا رویہ چھوڑ کر کروڑوں مہاجروں کے جذبات سے کھیلنے کے عمل کو ترک کردیں اور اپنے بیانات واپس لیں ورنہ مہاجر عوام انکی مہاجر دشمنی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہوں گے ۔