پاکستان
19 ستمبر ، 2014

سیفما کے زیر اہتمام میڈیا کے موجودہ بحران سے متعلق سیمینار

 سیفما کے زیر اہتمام میڈیا کے موجودہ بحران سے متعلق سیمینار

اسلام آباد...... سیفما نے مطالبہ کیا ہے کہ آزادی صحافت ، جیو کی نشریات اور جنگ گروپ کے اخبارات کی ترسیل میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، تحریک انصاف اور عوامی تحریک اپنے کارکنوں کو میڈیا ہاؤسز اور نمائندوں پر حملوں سے روکیں، تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے ان حملوں پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔ سیفما کے زیر اہتمام میڈیا کے موجودہ بحران سے متعلق سیمینار ہوا۔ سیاسی رہنماؤں اور سینئر صحافیوں نے پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے جیو نیوز کے ورکرز اور دفتر پر حملوں کو قابل تشویش قرار دیا۔ سیمینار کے دوران تحریک انصاف کے رہنما کے شفقت محمود کو شدید تنقید کا سامنا رہا۔ انہوں نے جیو نیوز پر حملوں پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ایسے کارکنوں کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان یا پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کبھی میڈیا ہاؤسز کو نشانہ بنانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ سیفما کے متفقہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ریاستی ادارے میڈیا کی زبان بندی سے باز رہیں، سیاسی جماعتیں جمہوری نظام کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کے خلاف ایک ہو جائیں اور جمہوری انداز سے باہمی مسائل حل کریں، ورکنگ جرنلسٹ اپنے اختلافات بھلا کر آزادی اظہار کے لیے ایک ہو جائیں اور تمام میڈیا ہاؤسز کارپوریٹ اخلاقیات کی پاسداری کریں۔ سیمینار سے خطاب میں سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ میڈیا کو تقسیم کرنا صرف کارپوریٹ مفاد کی لڑائی نہیں ،بلکہ ایک ایجنڈا ہے۔ سینئر صحافی ضیا الدین نے کہا کہ آج صرف جیو کو تنہا کیا گیا ہے تو کل کسی دوسرے میڈیا گروپ کے ساتھ بھی ایسا کیا جائے گا۔

مزید خبریں :