19 ستمبر ، 2014
کراچی .......پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ایم کیو ایم کے قائد کو اپنا گرو سمجھتے ہیں اور بلاول بھٹو نے الطاف حسین کے بیان پر کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھاکہ انتظامی یونٹس کے حوالے سے کل الطاف حسین سے بات کروں گا۔ بلاول بھٹو ایم کیو ایم کے قائد کو اپنا گرو سمجھتے ہیں اور بلاول بھٹو نے الطاف حسین کے بیان پر کوئی بیان نہیں دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت یا جج نہیں ہیں۔ دھرنوں کے خاتمہ کے لئے ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے اور مذاکرات کا سلسلہ ایک بار پھر شروع گیا ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھاکہ دھرنوں کے باعث معیشت کو نقصان ہورہا ہے۔ پیر کو سیاسی جرگہ عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری اور نواز شریف سے ملاقات کرے گا اور منگل یا بدھ کو جرگہ کا اجلاس ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک کا کہنا تھاکہ جہاز میری وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہوا ہے اور اگر ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔