21 ستمبر ، 2014
کراچی ...... کراچی میں فائرنگ اور دیگر پر تشدد واقعات میں پانچ افراد کو قتل جبکہ 8افراد کو زخمی کردیا گیا۔اولڈ حاجی کیمپ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 35سالہ جاوید کو ہلاک کردیا، حسین آباد میں ہوٹل پر فائرنگ کر کے تین افراد ساجد، عمران اور نواز کو قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق تینوں افراد ہوٹل پر ملازم تھے۔ اورنگی ٹاون میں طوری بنگش چوکی کے قریب چھریوں کے وار کر کے نجیب اللہ کو قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق مقتول کو اس کے بھائی نے قتل کیا۔ لانڈھی میں فیوچر موڑ کے قریب دکان پر فائرنگ کر کے پانچ افراد کو زخمی کردیا گیا، ایس پی لانڈھی اختر فاروق نے دعوی کیا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔ کورنگی میں دارالعلوم کے قریب فائرنگ کر کے سجاد نامی شخص کو شدید زخمی کردیا گیا۔اورنگی ٹاون کے علاقے فقیر کالونی میں فائرنگ کر کے ویلفیئر ٹرسٹ کے دو ملازمین حنیف اور سلیم کو زخمی کردیا گیا۔دریں اثنا کراچی کے علاقے لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار کے دو ملزم ہلاک ہوگئے،پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان متعدد وارادتوں میں پولیس کو مطلوب تھے،چاکیواڑہ کے علاقے رانگی واڑہ میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے، پولیس کے مطابق دونوں ہلاک ملزمان کی شناخت زاکر عرف ڈیوڈ اور عزیز عرف چونی کے نام سے ہوئی ہے،ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ سے ہے، جو کہ پولیس کو کئی مقدمات میں مطلوب تھے۔