24 ستمبر ، 2014
بارسلونا...... (شفقت علی رضا :نمائندہ جنگ)...... اسپین میں مقیم ایشیائی ممالک کے باشندوں کی تفریح اور ان کی ثقافت کو متعارف کرانے کے لئے کام کرنے والی ایسوسی ایشن ’’کاسہ ایشیا ء ‘‘کے زیر اہتمام معروف پاکستانی فوک سنگر عارف لوہار نے بارسلونا کے مشہور مقام ’’پلاسہ آنجیل ‘‘ میں اپنی جُگنی اور عارفانہ کلام کا ایسا جادو جگایا کہ اس لائیو پرفارمنس کو دیکھ کر شائقین داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔تفصیلات کے مطابق ایشیائی ممالک کے لئے اسپین میں کام کرنے والی ایسوسی ایشن کاسہ ایشیاء جو کہ ایشیائی ممالک کی ثقافتی اور سیاسی امور پر نشستوں کا انعقاد کرواتی ہے، کے زیر اہتمام عارف لوہار نے اپنی لائیو پرفارمنس سے پاکستانی،انڈین اور اسپانش شائقین کے دل موہ لئے۔کاسہ ایشیاء نے ماضی میں بھی پاکستان کی معروف گلوکارہ حمیرا ارشد ،ابرارا لحق،رضوان معظم قوال کو بارسلونا میں مدعو کرکے پاکستانی ثقافت کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔کاسہ ایشیاء نے مختلف مواقع پر پاکستان کے دانشوروں امتیاز عالم ،مشاہد حسین سید، طارق فاطمی ،نسیم ظاہرہ ،خسرو بختیار اور دیگر کو بھی مدعوکرتے ہوئے ان کے لیکچرز پر مبنی نشستوں کا اہتمام کیا، جس میں ہسپانوی اور پاکستانی شرکا ء نے ان سے پاکستان کی سیاسی ،سماجی اور اقتصادی صورت حال پر سوالات کئے۔ اس کے علاوہ اسی ادارے نے پاکستان کے جاگیردارانہ نظام کی بھینٹ چڑھنے والی مختاراں مائی کو بھی مدعو کیا تھا اور ان کی مالی مدد کی تھی۔واضح رہے کہ یہ ایسوسی ایشن پاکستان سے بلائے جانے والے دانشوروں اور فنکاروں کے بارے میں ویب سائٹس سے معلومات حاصل کرکے اور ان کی پسندیدگی کی رینکنگ چیک کر کے انہیں بارسلونا کے لئے مدعو کرتی ہے، مہمانوں کے ویزے اوردوسرے تمام اخراجات کاسہ ایشیاء کے ذمہ ہوتے ہیں ۔