دنیا
29 ستمبر ، 2014

اشرف غنی نے افغان صدر اور عبداللہ عبداللہ نے چیف ایگزیکٹو کا حلف اٹھالیا

اشرف غنی نے افغان صدر اور عبداللہ عبداللہ نے چیف ایگزیکٹو کا حلف اٹھالیا

کابل..... اشرف غنی نے افغانستان کے13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ غیر ملکی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ صدرِ مملکت ممنون حسین نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی ۔افغانستان میں ایک عشرے سے زائد عرصہ سے جاری نیٹوکی قیادت میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے بعد پُر امن اور جمہوری انداز میں اقتدار کی منتقلی ہوگئی ہے۔دارالحکومت کابل کے صدارتی محل میں ہونے والی تقریب میں اشرف غنی نے ملک کے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔افغانستان کے چیف جسٹس نے ان سے حلف لیا۔تقریب میں پاکستان کی نمائندگی صدر ممنون حسین ، اسفندیارولی ، محمود اچکزئی اور آفتاب شیرپاو کررہے ہیں۔ تقریب میں بھارت کےنائب صدرحامد انصاری ، برطانیہ اور فرانس کے کابل میں سفیر وں اور امریکا کے 10 رکنی وفد نے بھی شر کت کی ۔تقر یب میں غیرملکی مہمانوں اور قبائلی عمائدین سمیت 2سوسے زائد اہم شخصیات موجود تھیں ۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی اقدامات دیکھنے میں آئے۔ ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی ۔تقریب میں عبداللہ عبداللہ نے ملک کے پہلے چیف ایگزیکٹو کے طور پر حلف اٹھایا۔ اشرف غنی نے ان سے حلف لیا۔چیف ایگزیکٹو کا عہدہ وزیر اعظم کے عہدے کے برابر ہو گا۔اس موقع پر دو نائب صدور جنرل دوستم اور سرور دانش نے بھی حلف اٹھایا۔سابق صدر حامد کرزئی کو الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیاَ۔اس موقع پر حامد کرزئی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کو مستحکم کرنے پر پڑوسی ملکوں اور عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :