پاکستان
19 اپریل ، 2012

بشیرقریشی کی ہلاکت کی تحقیقات بین الاقوامی ماہرین سے کرائی جائے،الطاف حسین

بشیرقریشی کی ہلاکت کی تحقیقات بین الاقوامی ماہرین سے کرائی جائے،الطاف حسین

لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ جئے سندھ قومی محاذ(جسقم) کے چیئرمین بشیرقریشی کی ہلاکت کی تحقیقات بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم سے کرائی جائے۔ لندن سے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین نے یہ بات جسقم کے رہنماڈاکٹرنیازکالانی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈاکٹر نیازکالانی نے الطاف حسین کوبتایاکہ بشیرقریشی کے کیمیکل کے نمونوں کی تحقیقات کرنے والے میڈیکل بورڈکا یہی کہناہے کہ بشیرقریشی کی موت زہردینے سے ہوئی ہے اورہم چاہتے ہیں کہ بشیرقریشی کی موت کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائے۔ آپ ہمارے بڑے کی حیثیت رکھتے ہیں اور آپ کی بشیرقریشی سے بڑی قربت تھی ، ہم چاہتے ہیں کہ آپ عالمی اداروں سے تحقیقات کے مطالبہ میں ہمارا ساتھ دیں۔ الطاف حسین نے جسقم کے اس مطالبہ کی تائیدکرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ جس طرح سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز کی موت کی تحقیقات کیلئے بین الاقوامی ماہرین کو پاکستان بلایاگیاتھااسی طرح جسقم کے شہیدچیئرمین بشیرقریشی کوزہردیے جانے کے معاملے کی تحقیقات بھی ایسے بین الاقوامی ماہرین سے کرائی جائے جو ڈی این اے اوردیگرٹیسٹ کے ذریعے زہرسے ہونے والی اموات کی تحقیقات کرنے کے ماہرہوں۔ جلدازجلداس کی مکمل تحقیقات کرواکراس کی رپورٹ سے عوام کوآگاہ کیاجائے کیونکہ بشیرقریشی کی ناگہانی ہلاکت کے بعد جسقم کے کارکنوں سمیت سندھ بھرکے عوام میں بہت بے چینی پائی جاتی ہے۔ الطاف حسین نے نیازکالانی اورجسقم کے تمام رہنماوں اورکارکنوں سے ایک مرتبہ پھرہمدردی اوریکجہتی کااظہارکیااورانہیں یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اردوبولنے والے سندھی اورسندھی بولنے والے سندھی کل بھی ایک تھے ، آج بھی ایک ہیں ، ہمیشہ ایک رہیں گے اورملکرسندھ کے حقوق کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔


مزید خبریں :