19 اپریل ، 2012
برسلز … یورپی یونین ممالک کے فضائی سفر کرنے والوں کے ڈیٹا کی امریکی حکام تک رسائی کے معاہدے کی یورپی پارلیمنٹ نے منظوری دیدی۔ اس معاہدے کے تحت یورپی ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کی ذاتی معلومات تک امریکی قومی سلامتی کے محکمہ کو رسائی ہوگی۔ اس معاہدے پر 2 برس سے بات چیت کی جارہی تھی۔ یورپی پارلیمنٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں 409 ارکان نے حق میں ووٹ دیا جبکہ 226 ارکان اس معاہدے کے مخالف تھے۔ معلومات کے شیئر نگ معاہدے کے تحت سفر کرنے والے کا نام، پتہ، فون نمبر، کریڈٹ کارڈ کی معلومات، ٹریول ایجنسی اور سامان کی معلومات، جہاز میں کھانے اور کسی وجہ سے طبی امداد تک کی معلومات بھی شامل ہیں۔ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان 2007ء میں اس نوعیت کا ایک معاہدہ ہوا تھا مگر 2010ء میں اس معاہدے کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا تھا جس پر یورپی یونین نے احتجاج کیا تھا۔