05 اکتوبر ، 2014
جھنگ...... عیدِ قرباں کے موقع پرجانوروں اور ان کی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ایک روایتی امر ہے لیکن حالیہ سیلاب کی تباہ کاریو ں کےباعث چارے کی قلت نے عوام کے لیے مزید مشکلات پیداکردی ہیں اورعید کے رنگ پھیکے پڑتے دکھائی دےرہے ہیں۔ دریائے جہلم اور چناب میں آنے والے سیلابی ریلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع جھنگ کا ہے۔ اس کی معیشت کا 70 فیصد انحصارزراعت پرہے۔ حالیہ سیلاب کے باعث چارے کی قلت پیداہوگئی ہے اور عوام کو پریشانی کا سامناہے۔ عیدالاضحیٰ کے باعث متاثرین سیلاب اپنے مویشی بیچنے کے لیے شہر لے آئے ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ چارہ اور جانوروں کے کھانے کی دیگر اشیا کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور جانور پالنا مشکل ہوگیاہے جبکہ خریدار مویشیوں کی بہت کم قیمت لگا رہے ہیں۔ دوسری طرف چارہ بیچنے والے کہتے ہیں کہ انھیں چارہ لانے کے لیے دوسرےشہروں کارخ کرناپڑتاہے، مہنگا چارہ لائیں گے تو اسی حساب سے فروخت بھی کریں گے۔ عوام کامطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ جانوروں کی خوراک اور چارے کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی قیمتیں کم کرکے ان پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔