05 اکتوبر ، 2014
ملتان...... پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھٹو کے جانشینوں نے بھٹو کو دفن کر کے زر اور زرداریوں کو اپنا لیا ہے، پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت بھٹو سے نکل کر زرداری کی طرف منتقل ہوچکی ہے، نہ بھٹو کی سوچ ہے اور نا ہی فلسفہ، اسی وجہ سے پیپلز پارٹی کانظریاتی کارکن پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہورہا ہے۔ ملتان میں ڈاکٹر خالد خاکوانی کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے وراثتی سیاست کے کلچر کو تبدیل کردیا ہے، سیاسی کارکنوں کا ذہن تبدیل ہوچکا ہے، عوام مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے مایوس ہوچکے ہیں ۔ پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 1970 میں قیادت اور لوگوں کا آپس میں رابطہ تھا، اسی وجہ سے بزرگ اور خواتین اور کمزور نظر لوگ کہتے تھے تلوار کا نشان بتاؤ ہمیں تلوار پر ٹھپہ لگانا ہے، مگر اب بھٹوکےجانشینوں نےبھٹوکودفن کرکےزراورزرداریوں کواپنالیا ہے، پیپلز پارٹی بھٹو سے نکل کر زرداری کی طرف منتقل ہوچکی ہے، بلاول بے نظیر کا بیٹا ضرور ہے مگر قوم سے زرداری ہے، نام سے سوچ نہیں بدلی جاسکتی۔