07 اکتوبر ، 2014
میرپور........آزاد کشمیر،سیالکوٹ اور نارووال میں ورکنگ باوٴنڈری اورلائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج اوربی ایس ایف کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے مزید 2 پاکستانی شہری شہید ہوگئے۔ 3 روز میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ بھارت کی مذموم کارروائی کے باعث عید کے دنوں میں بھی لوگ گھروں میں محصور ہیں۔بھارتی فورسزکی عید الاضحٰی کے دنوں میں بھی پاکستانی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری معصوم شہری خوف میں مبتلا،جان و مال بھی محفوظ نہیں۔سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پرمنگل کو دن بھر بھارتی مورچوں سے بزدلانہ فائرنگ کی جاتی رہی۔ چپراڑ سیکٹر میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی اور سجیت گڑھ میں 3 افراد زخمی ہوئے۔چوبیس گھنٹوں کے دوران سیالکوٹ میں 2 شہری شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ چارواہ،چپراڑ،بجوات،سجیت گڑھ سیکٹروں میں گولیاں لگنے سے کئی مویشی زخمی ہوئے۔نارووال کے ظفروال سیکٹر میں بھی شہری بھارتی جارحیت کے باعث خوف و ہراس کا شکارہیں ۔چناب رینجرز کی جانب سے بھارت کی مذموم کارروائی کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے ۔ادھر آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے نکیال اور پونچھ سیکٹروں پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔پونچھ سیکٹر کے علاقے درہ شیخان میں 16 سالہ لڑکی شہید ہوگئی۔پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے بعد بھارتی مورچے خاموش ہوگئے۔وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی فائرنگ اورگولہ باری پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز 7 روز سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔بھارتی حکومت اپنی سیکیورٹی فورسزکو جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے سے روکنے میں ناکام رہی،تاہم حکومت پاکستان نہایت صبر اور تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کا فوجی مبصرگروپ لائن آف کنٹرول پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔