08 اکتوبر ، 2014
لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے علیم گر میں پولیو ورکرز کے گھر کے باہر بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد کی شہادت اور پولیو ورکر کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں پولیو جیسے موذی مرض کو پھیلنے سے روکنے اور پاکستان کے معماروں کا مستقبل محفوظ بنانے والے پولیو ورکرز تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سفاک دہشت گرد پولیو ورکرز کے گھر پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کرکے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام بدنام کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی اور خیبرپختونخوا میں میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیو ورکرزپر حملے اور گھروں کے باہر بم دھماکے کرکے پولیو ورکرز کو خوفزدہ کرنے اور انہیں پولیو مہم میں کام کرنے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان میں پولیو ورکرز کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر ملک کو اپاہج کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہیدہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمی پولیو ورکرکو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے۔ الطاف حسین نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مطالبہ کیا کہ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے علیم گر میں بم دھماکے کا فوری نوٹس لیا جائے، بم دھماکے کی مذموم کارروائیوں میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے، معصوم م عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے ۔