08 اکتوبر ، 2014
پشاور.......پشاورمیں شمالی وزیرستان کے قبائل کا جرگہ ہوا ہے جس میں سابق اور حاضرسروس بیوروکریٹس نے شرکت کی۔ شرکاء کا کہنا ہے کہ دھرنوں نے آئی ڈی پیز سے توجہ ہٹادی، وہ بھی اسلام آباد جاسکتے ہیں۔شمالی وزیرستان کے عمائدین نے آئی ڈی پیز کو درپیش مشکلات پر غور کے لئے 10اکتوبر کو بنوں میں گرینڈ قبائلی جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور کے باغ ناران میں شمالی وزیرستان کے قبائلی عمائدین کا جرگہ ہوا۔جرگے میں وزیر اور داوڑ قبائل کے عمائدین، ریٹائرڈز اور حاضر سروس بیوروکریٹس اور دیگر افراد شریک تھے۔ جرگے میں شمالی وزیرستا ن میں جاری آپریشن، آئی ڈی پیز کی واپسی اور نقصانات کے ازالے سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ جرگے میں 10اکتوبر کو بنوں میں گرینڈ قبائلی جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جرگے میں امن کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔