پاکستان
08 اکتوبر ، 2014

ملک کو بچانا ہے تو نئے انتظامی یونٹس بنا ضروری ہے،الطاف حسین

 ملک کو بچانا ہے تو نئے انتظامی یونٹس بنا ضروری ہے،الطاف حسین

کراچی .......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ برسوں سے لوگوں کی خواہش رہی ہے کہ ایم کیوایم ختم ہوجائے ۔ متعدد مرتبہ اسٹیبلشمنٹ، سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ہتھکنڈے اپنائےہیں ۔ ملک کو بچانا ہے تو نئے انتظامی یونٹس بنا ضروری ہے۔ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا قربانی کی کھالیں جمع کرنے والے کے کے ایف کے کارکنان سے مرکزی کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ حق آنے کے لیے ہے اور باطل مٹنے کے لیے ہے۔ تماشہ بنایا گیا کہ ایم کیوایم کے اندر کئی گروپس پیدا ہوگئے ہیں اور دنیا کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے منحرف لوگوں کے اجلاس ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ وقت آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائےگا۔ ٹاک شوز شوز میں لوگ تجزئیے کے بجائے اپنے فیصلے سنانے شروع کردیتے ہیں۔ ہر کسی کو اپنے مذہب یا عقیدے کے تحت عبادت کرنے کا حق حاصل ہے۔تعصب نے اس پاکستان کو دو لخت کردیا ہے۔الطاف حسین کا کہنا تھاکہ جو قوم مرنے سے ڈرنے لگتی ہے وہ مر جاتی ہے اور جو قوم مرنے کے تیار رہتی ہے اس سے موت دور چلی جاتی ہے۔ وزیراعظم نریندی مودی خصوصی توجہ دیں کہ بھارتی افواج مسلسل سرحدوی کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔اگر اختلافات ہیں تو اسے بیٹھ کر حل کرلیں جنگ اچھی چیز نہیں ہوتی ہے اور ہمیں یورپی یونین سے سبق سیکھنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ریاست اگر حکم دے تو ہم تو کل ہی مادر وطن کےدفاع کے لیے کفن پہن کر تیار ہونگے ۔دریں اثناالطاف حسین نے کہاہے کہ میں شاہ لطیفؒ کی قسم کھاکرکہتاہوں کہ میں سندھی بھائیوں کواکیلانہیں چھوڑوں گا،سندھ کی حفاظت کروں گااورسندھیوں سمیت ایک ایک مظلوم کوجاگیرداروں اوروڈیروں کے ظلم سے نجات دلاؤں گا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کی شب سانگھڑاورمیرپورخاص میں ایم کیوایم کے کارکنوںسے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراداورخواتین بھی موجودتھیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے معصوم اورسادہ لوح عوام کوبرسوں تک سندھ کارڈکے نام پر بیوقوف بنایاگیا لیکن سندھی عوام اب باشعورہوگئے ہیں اوروہ خوب اچھی طرح جان چکے ہیںکہ کون سندھ کے شہیدوںکاخون بیچتارہااوراپنے مفادات کے عوض سندھ کے حقوق کا سودا کرتارہا۔سندھ کے غریب عوام دیکھ رہے ہیں کہ یہاں کے وڈیروں نے سندھ کی ترقی اورسندھ کے لوگوں کوتعلیم ، صحت ، روزگار اورزندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایک دھیلے کاکام نہیں کیا ۔باشعورسندھی عوام اب جعل سازلوگوںکی باتوںمیں نہیں آئیں گے اوراب سندھ کاایک ایک سچاسپوت اورانقلابی انشاء اللہ ایم کیوایم کے پرچم تلے جمع ہوگا۔اسی طرح وہ پنجابی، پختون، بلوچ، سرائیکی کشمیری اوردیگرقومیتوںکے لوگ جوبرسوں سے اپنے بیوی بچوں سمیت سند ھ میں آبادہیں اورجن کاجینامرناسندھ سے وابستہ ہے وہ بھی ایم کیوایم کے پرچم تلے متحد ہیں ۔ الطاف حسین نے کہاکہ بعض ایم کیوایم دشمن عناصر یہ پروپیگنڈے کرتے رہے کہ ایم کیوایم میںگروپ بن گئے ہیں لیکن کراچی سے کشمورتک ایم کیو ایم کے کارکنوںنے اپنے اتحادسے ثابت کردیاکہ یہ تمام پروپیگنڈے غلط اوربے بنیادہیں۔ انہوں نے میرپورخاص زون اور سانگھڑ زون کے کارکنوںکوان کی ثابت قدمی اوروفاداری پر زبردست خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ مجھے کامل یقین ہے کہ میرے وفادار ساتھی کسی بھی سازش کاشکارنہیں ہوں گے اورہرمشکل اورکڑے وقت میں تحریک کے ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر ماضی کے مقابلے میں زیادہ کھالیں جمع کرنے پر میرپورخاص اورسانگھڑزون کے تمام کارکنوں اورذمہ داروں کوزبردست شاباش اورخراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر میرپورخاص زون اورسانگھڑزون کے کارکنوں، زونل کمیٹی کے ارکان اورخواتین نے بھی الطاف حسین سے بات کی اورانہیں یقین دلایاکہ کوئی بھی پروپیگنڈ ہ ہمیں آپ سے دور نہیں کرسکتا۔

مزید خبریں :