20 اپریل ، 2012
اسلام آباد … مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حاضر سروس جرنیلوں کو ساتھ ملانا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، حکومت کے ساتھ اس کے اتحادی بھی ملک کے موجودہ حالات اور عوامی مسائل کے برابر کے ذمہ دار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو وہ پارٹی میں شامل نہیں کرنا چاہتے ان کے نام ان کے دل و دماغ میں محفوظ ہیں۔ اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں میاں نواز شریف کاکہناتھاکہ دفاعی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنا میثاق جمہوریت کا حصہ ہے، فوجی جرنیل آئین اورقانون کے پابند ہیں، سب پرویز مشرف جیسے نہیں۔ ایک سوال پر میاں نواز شریف نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اس کے اتحادی بھی ملک کے موجودہ حالات اور عوامی مسائل کے برابر کے ذمہ دار ہیں، تمام اچھے لوگ ن لیگ میں شامل ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ صرف ن لیگ کی قیادت ملک کو مسائل سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان غلط بیانی اور بہتان تراشی کے ماہر ہیں۔