10 اکتوبر ، 2014
بارسلونا(شفقت علی رضا )پاکستانی کمیونٹی محنتی ،ملنسار اور جرائم کے خلاف ہے ۔پاکستانی اپنے کام سے کام رکھنے والے افراد ہیں ۔سماجی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اور ہمارے مقامی کلچر کے ساتھ پاکستانی کلچر کی ہم آہنگی پر کام کرنا پاکستانیوں کا احسن اقدام ہے ۔ہم پاکستانیوں کو آسان اقساط پرا سمال بزنس کے لئے قرضوں کی پیش کش کرتے ہیں،ان خیالات کا اظہار ایشین ممالک کے لئے کام کرنے والے ادارے ’’کاسہ ایشیا ء‘‘ کی ڈائریکٹر گائیل لالوئی ، رافیل اور لاکائشہ بینک کے ڈ ائریکٹر ’’فیران‘‘ نے اسپین کے معروف پاکستانی بزنس مین چوہدری امانت مہر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں کیا ۔ کاسہ ایشیاء کی ڈائریکٹر گائیل لالوئی نے اس موقع پر کہا کہ ہم ایشیائی ممالک کے کلچر اور ان کی تہذیب کو اسپین میں مختلف پروگرامز کے ذریعے متعارف کراتے ہیں ،پاکستان سے رضوان معظم قوال ،حمیرا ارشد ،ابرار الحق ،عارف لوہار اور پاکستانی دانشوروں کو بارسلونا مدعو کر چکے ہیں اور ان مدعوین کے پروگرامز میں پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہم دونوں ممالک کی کلچرل تقریبات کا اہتمام بڑے پیمانے پر کر سکیں ۔لا کائشہ بینک کے ڈائریکٹرفیران نے کہا کہ ہم پاکستانی کمیونٹی کی محنت اور جفا کشی کے قائل ہیں اس لئے ہم خصوصی طور پر پاکستانیوں کو چھوٹے کاروبار کرنے کے لئے بیس سے چالیس ہزار یورو کا قرضہ آسان قسطوں پر دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ا سپین کی معیشت کے بڑھاوے میں پاکستانی کمیونٹی کی محنت کا بڑا ہاتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام پاکستانی اپنی لائف انشورنس ضرور کرائیں تاکہ مرنے کے بعد ان کی میت کو پاکستان بھجوانے میں مشکلات سے بچا جا سکے ۔کاسہ ایشیاء سے میٹنگ کا اہتمام پاکسلونا کے ڈائریکٹر راجہ شفیق کیانی نے جبکہ بینک ڈائریکٹرز سے میٹنگ کا اہتمام چوہدری امانت مہر نے کیا تھا ۔اسپین کے بڑے اداروں سے ہونے والی اس میٹنگ میں ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری ،سوشلسٹ پارٹی کے سیکریٹری امیگریشن بارسلونا سٹی حافظ عبدالرزاق صادق ، پیپلز پارٹی اسپین کے جنرل سیکرٹری ساجد گوندل ، منہاج القران مصالحتی کونسل اسپین کے صدر محمد اقبال چوہدری ، ادبی شخصیت شاہد لطیف ،چوہدری امتیاز آکیہ اور محمد زبیر نے شرکت کی ۔