20 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو کاروبار ی سرگرمیاں اتار چڑھاوٴ کا شکار رہیں اور 14 ہزار پوائنٹس کی سطح پر مارکیٹ میں مزاحمت نظر آئی۔ جمعہ کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 14 ہزار61 پوائنٹس کی سطح پر جاتے ہوئے دیکھا گیا مگر انڈیکس زیادہ دیر تک اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ا یس ای 100 انڈیکس7 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 13 ہزار 936 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 24 کروڑ شیئرز رہا۔ سب سے زیادہ کام اینگرو پولیمر کے شیئرز میں ہوا جس کی قیمت 34 پیسے اضافے سے 13 روپے 16 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 43 پوائنٹس اضافے سے 12 ہزار 223 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ ہفتے کے ایس ای انڈیکس 14 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرسکتا ہے۔