12 اکتوبر ، 2014
ڈیلس.....راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ جنگ خصوصی......ڈیلس میں شوکت خانم کینسر اسپتال پشاور کی تعمیر کیلئے ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوں ڈاکٹر نوشیرواں بخاری اور فوزیہ قصوری نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نوشیرواں بخاری نے شوکت خانم کینسر اسپتال پشاور سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کیں اور بتایا کہ لاہور کی طرز پر یہ کینسر اسپتال قائم کیا جا رہا ہے جس میں قرب و جوار کے افراد جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں‘ وہاں پر ان کا علاج معالجہ کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر ایونٹ کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر جلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کیلئے اہلیان ڈیلس نے ہمیشہ دل کے دروازے کھول دئیے ہیں اور ہر موقع پر ان کے کاموں میں ان کا ہاتھ بٹایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی اہلیان ڈیلس کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے انہوں نے کہاکہ یہاں کے عوام بالخصوص اور دنیا بھر میں پھیلی ہوئی پاکستانی کمیونٹی بالخصوص عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کی رقم صحیح طور پر خرچ ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ اب تک ڈیلس میں شوکت خانم اسپتال کیلئے ہر سال مسلسل 5 فنڈ ریزنگ ڈنر منعقد ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر فوزیہ قصوری اور ڈاکٹر جلیل نے آئے ہوئے افراد سے اپیل کی جس پر چند گھنٹوں میں 99 ہزار ڈالر کی رقم جمع کر لی گئی۔ مذکورہ ایونٹ میں عمائدین شہر کے علاوہ تحریک انصاف کے سرگرم رہنمائوں جن میں عائشہ طارق‘ علی فاروق‘ شاہد خان‘ سجاد فیکٹو‘ ندیم زمان‘ ڈاکٹر طارق سمیت دیگر عمائدین شہر جن میں ممتاز تبسم‘ ڈاکٹر امان اللہ خان‘ ڈاکٹر شہاب سمیت 200 سے زائد مرد و خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے معروف ڈرامہ ہم سفر کا شہرہ آفاق گیت ’’وہ ہمسفر تھا مگر ہم سے ہمنوائی نہ تھی‘‘ گانے والی گلوکارہ قراۃ العین بلوچ نے پاکستان کے معروف گیت پیش کئے اور وہاں موجود افراد کو اپنی آواز کے جادو میں مسخر کر دیا، پروگرام رات گئے تک جاری رہا۔