22 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد......بھارتی جارحیت پر آج قومی اسمبلی میں بھی بحث ہوئی ،چیئرمین قائمہ کمیٹی خارجہ امور اویس لغاری نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کے لوگوں کوریفرنڈم کا حق دیا جاسکتا ہے تو کشمیریوں کو کیوں نہیں ۔قومی اسمبلی کے اجلا س میں بھارتی جارحیت پر اراکین نے دل کھول کر جذبات کا اظہار کیا،اویس لغاری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم بی جے پی اورآر ایس ایس کو خوش کرنے کے لیے جارحیت کررہے ہیں،بھیگی بلی نہیں بنیں گے،بھارتی جارحیت کا بھرپورجواب دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کے لوگوں کوریفرنڈم کا حق دیا جاسکتا ہے تو کشمیریوں کو کیوں نہیں، ساتھ ہی شکوہ بھی کیا کہ مختلف ممالک میں بیٹھے ہمارے سفارت کار ان معاملات پرکام نہیں کررہے،پیپلز پارٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے کہا کہ بھارتی وزیرکا بیان تشویشناک ہے،انہیں منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے ، حکومتی وزیر ماروی میمن نے ایوا ن کو بتایا کہ ایل او سی کے معاملے پرسفارتی، عسکری اور حکومتی سطح پر بھرپورجواب دیا گیا ہے۔