26 اکتوبر ، 2014
پشاور....... امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اوروفاقی حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک کا خاتمہ ضروری ہے، اسپیکر قومی اسمبلی تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کر کے نیا ایشو کھڑا نہ کریں۔ مرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کر کے نیا ایشو کھڑا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کا وفد کل جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ آ رہا ہے جس سے دھرنے سے متعلق تفصیلی بات چیت ہو گی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا طرز حکمرانی ملک میں رائج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کسی ایک فرقے یا جماعت کے نہیں بلکہ جنت میں تمام مسلمان جوانوں کے سردار ہونگے ، سراج الحق نے کہا کہ اسلامک یونی ورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں اسرائیل سے متعلق پروگرام کی مذمت کرتے ہیں، حکومت اس کا نوٹس لے اور منتظمین کا محاسبہ کرے۔