دنیا
27 اکتوبر ، 2014

19سالہ شعبان بخاری جامع مسجد دہلی کے نئے شاہی امام منتخب

 19سالہ شعبان بخاری جامع مسجد دہلی کے نئے شاہی امام منتخب

کراچی.... رفیق مانگٹ......بھارت کی سب سے بڑی جامع مسجد دہلی کے 19سال کے نئے شاہی امام کا انتخاب کیا گیا۔بھارت میں شاہی امام کے منصب کو بہت با اثر سمجھا جاتا ہے۔ بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز “ کے مطابق انیس سالہ شعبان بخاری موجودہ شاہی امام سید احمد بخاری کے صاحبزادے ہیں اوروہ دہلی کی جامع مسجد کے14 ویں شاہی امام ہوں گے۔2000سے اس مرتبے پر فائز سید امام بخاری کا کہنا ہے کہ سبحان کااس بااثر عہدے پر انتخاب ان کی مذہبی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کی طرف مضبوط جھکاو ٔ ہے۔نو عمر سبحان ایک نجی یونی ورسٹی سے سوشل ورک میں بیچلرز کر رہے ہیں۔22نومبر کو ایک تقریب میں ان کو نائب شاہی امام کا منصب سپرد کیا جائے گا۔اس تقریب میں دنیا بھر سے ایک ہزار مذہبی رہنما شریک ہوں گے۔امام سید بخاری تاحیات امام رہیں گے اور سبحان کی تربیت ان کے زیر سرپرستی ہوگی اور وہ اپنے والد کے بعد شاہی امام ہوں گے۔تقریباً چار سو سال سے جامع مسجد کی امامت نسل در نسل ایک ہی خاندان میں چلتی آرہی ہے۔اس مسجد کو مغل شہنشاہ شاہجہاں نے1656میں تعمیر کرایااورعبدالغفور شاہ بخاری کو اس وقت شہنشاہ شاہجہاں کی طرف سے "شاہی امام" کے خطاب سے نوازا گیا،جنہیں شاہجہاں کی درخواست پراس وقت کے ازبکستان کے شہنشاہ شاہ آف بخارا کی طرف سے دہلی بھیجا گیا تھا۔جامع مسجد دہلی میں پہلی نمازعبدالغفور شاہ بخاری کی امامت میں 1656میں ہوئی۔سید احمد بخاری کے مطابق شاہجہاں کی خواہش کے مطابق اس دن سے جامع مسجد کی امامت انہی کی نسل میں چلتی آرہی ہے۔سید احمد بخاری کا کہنا ہے کہ انہیں ان کے دادا نے 1973میں نائب شاہی امام منتخب کیااور2000میں وہ شاہی امام مقرر ہوئے۔

مزید خبریں :