27 اکتوبر ، 2014
تیونس ........ تیونس میں نئےپارلیمان کے انتخابات کے لیے اتوار کو ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ووٹ ڈالنے کی شرح تقریباً60 فیصد رہی ہے۔ شمالی افریقہ کے ملک تیونس کی پارلیمان کی217 نشستوں کے لیے تقریباً 53 لاکھ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔ دارالحکومت تیونس اور دوسرے شہروں میں پولنگ مراکز پر ووٹروں کا جوش وخروش دیکھے میں آیا۔ وہاں شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے آئی تھی۔ البتہ انتخابی مبصرین کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں ووٹ ڈالنے کی شرح2011ء میں منعقدہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی شرح سے بھی کم رہی ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے نتائج دو ایک روز میں متوقع ہیں۔