27 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد......اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ لندن میں ایک سیاسی جماعت کے شر پسندوں نے کشمیر ڈے کو سبوتاژ کیا، پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو پر حملہ کیا گیا،قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے درست کہا کہ یہیہودی لابی ہے، جو کشمیر کو تسلیم نہیں کرتی،یہ سیاست شروع کی ہے تو آپ بھی کہیں جلسے نہیں کر سکیں گے، لیکن ہم ایسا نہیں چاہتے،اس سیاسی جماعت کو مظلوم کشمیریوں سے معذرت کرنی چاہیے،اس قسم کی سیاست نہ ان کےلیے اچھی ہے نہ ملک کےلیے، دو ہزار اٹھارہ میں الیکشن ہو گا، تب الیکشن لڑ لینا، اس وقت ملک کے آئین جمہوریت اور پارلیمنٹ کو چیلنج نہ کیا جائے،اس موقع پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ لندن میں ہماری یکجہتی کو تتر بتر کر دیا گیا،شرم کا مقام ہے کہ جب اقتدار نہ ملے تو نہ کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے کا رویہ اپنا لیا جائے، دھرنے عالمی سازش کا حصہ ہیں، جو پاکستان کے قلعے میں شگاف ڈالنا چاہتے ہیں ، قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے مزید کہا کہ معاشی مضبوطی کے بغیر آزاد ریاست نہیں بن سکتے،یہ سیاسی اور جمہوری رویے نہیں تباہی کے راستے ہیں، صفوں میں بھی دشمن ہیں اور سرحدوں کے پار بھی ،تشدد کو فروغ دینے اور جس کی زبان سے خون کی بو آتی ہے میڈیا اس کو کوریج دیتا ہے، جس کی زبان جتنی زیادہ پر تشدد ہے میڈیا اس کو اتنا زیادہ وقت دیتا ہے،لندن میں کل تماشا لگانے کی مذمت کرتے ہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی ہوگیا۔