27 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد.......قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 سال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر پونے 49 ارب روپے خرچ ہوئے جب کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو کھربوں روپے کا نقصان ہوا ہے ۔قومی ا سمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ نے گزشتہ 5 سال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کی تفصیل پیش کی ۔ اس کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ پر 48 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی، اسلام آباد میں 23 ارب 38 کروڑ، فاٹا میں 3 ارب 45 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ایوان کو آگاہ کیا گیا کہ دھرنوں کی وجہ سے ملک کو کھربوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔جولائی سے ستمبر کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 26.6 فیصد کمی ہوئی، برآمدات 6.2 فیصد کم جب کہ درآمدات 10.5 فیصد بڑھ گئیں ، روپے کی قدر میں کمی سے درآمدی بل 16 ارب روپے اور غیر ملکی قرضہ 210 ارب روپے بڑھ گیا ، وزارت خزانہ نے بتایا کہ دھرنے سے متعلق سیکیورٹی اخراجات کے لیے وزارت داخلہ کو 35 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ جاری کی گئی۔