29 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد...... وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہے، یہ شاہ محمود قریشی کی درگاہ نہیں، اسپیکر کو وہ کرنا ہے جو آئین میں لکھا ہے ۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف والے اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کی ساری مراعات استعمال کررہے ہیں لیکن استعفوں کی تصدیق کے لیے قانون پر عمل نہیں کررہے ہیں، اسپیکر کو قانون کے مطابق چلنا ہے اور وہ کرنا ہے جو آئین میں لکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما اپنے ہی ساتھیوں پر اعتبار نہیں کررہے، انہیں عوام اور پارلیمنٹ پر اعتبار نہیں تو اپنے ساتھیوں پر تو اعتبار کرلیں ۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جیسے جاوید ہاشمی نے استعفا دیا ، شاہ محمود قریشی بھی اعلان کردیں لیکن شاہ محمود قریشی کا دل نہیں کرتا کہ استعفا دیں۔